نالہ بھیڈ کے دونوں اطراف 20فٹ تک تعمیرات پر پابندی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )نالہ بھیڈ کے دونوں اطراف 20فٹ تک کسی قسم کی تعمیرات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ، اس ضمن میں مسلسل نگرانی کی جائے گی اور اگر کوئی سٹرکچر تعمیر کیا گیا تو وہ فوری طور پر مسمار کر دیا جائے گا۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر نے بریگیڈیئر عاصم عزیز کیانی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے کی۔ اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ضلع کی خوبصورتی کے حوالے سے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کلین اینڈ گرین پنجاب وژن کے تحت گرین بیلٹس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ پارکوں میں بھی نئی گھاس اور پودے لگائے جا رہے ہیں اور ضلع بھر کے تمام پارکوں کی بحالی جاری ہے ۔ رواں برس یکم سے 15جنوری تک ضلع بھر میں 42غیر قانونی پٹرول پمپس سر بمہر کئے گے ہیں، ایک لاکھ 22ہزار جرمانہ کرکے 10 مشینیں قبضہ میں لی گئی ہیں۔ بریگیڈیئر عاصم عزیز کیانی نے کہا غیر قانونی پٹرول پمپس کی باقاعدہ میپنگ کرکے بھر پور کارروائی کی جائے ۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے فورم کے تحت ملکی خدمت کے جذبہ سے کام کیا جائے اور یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔اجلاس میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، بھکاریوں کی روک تھام، غیر قانونی ایل پی جی ڈی کینٹنگ، بجلی چوری کیخلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔