ٹی 20میچز:لاہور پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل
پولیس لائنز سے ریزرو نفری بھی روزانہ کی بنیاد پر تعینات کی جائیگی
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں ہونے والے انٹرنیشنل ٹی 20 کرکٹ میچز کے سلسلے میں لاہور پولیس نے سکیورٹی کے جامع اور مؤثر انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جہاں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ اہم سپورٹس ایونٹ کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کے مطابق پولیس لائنز سے ریزرو نفری بھی روزانہ کی بنیاد پر سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کی جائے گی۔ پولیس ریزرو اہلکاروں کو ڈیوٹی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی ہے اور انہیں الرٹ رہ کر فرائض انجام دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یونیفارم کے ساتھ ساتھ سفید پارچات میں بھی پولیس افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے تاکہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے ۔ خواتین پولیس افسران کو بھی سکیورٹی ڈیوٹی سے متعلق مکمل بریفنگ دی گئی ہے ۔ایس پی منزہ کرامت نے مزید کہا کہ ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کو بروقت پوائنٹس پر کھانے کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ مکمل توجہ اور توانائی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں اور سی سی ٹی وی سسٹم کے ذریعے اہم مقامات اور ٹیموں کے روٹس کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے ۔