بھارت خطے میں امن کا دشمن ہے ،بلال سلیم قادری
پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں کروانے میں براہ راست ملوث ہے دشمن قوتیں پاکستان کی نظریاتی اساس سے خوفزدہ ،سیکریٹری جنرل سنی تحریک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ بھارت طویل عرصے سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر کے ملک میں دہشتگردی کی وارداتیں کروانے میں براہ راست ملوث ہے ۔بھارتی خفیہ ایجنسیاں پاکستان کے اندر اپنے سہولت کاروں کو منظم انداز میں فنڈنگ،لاجسٹک سپورٹ اور تربیت فراہم کر رہی ہیں تاکہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔چاہے بلوچستان ہو،خیبر پختونخوا ہو یا دیگر حساس علاقے ،ہر جگہ بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔بھارت خطے میں امن کا دشمن ہے اور اپنی اندرونی ناکامیوں اور مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے ۔بلال قادری کا مزید کہنا تھا کہ دشمن قوتیں پاکستان کی نظریاتی اساس، ایٹمی طاقت،مضبوط دفاع اور عوام و افواج کے درمیان مثالی اتحاد سے خوفزدہ ہیں۔یہی وجہ ہے کہ وہ دہشتگردی، انتشار اور پروپیگنڈے کا سہارا لے رہی ہیں،مگر پاکستانی قوم باشعور ہے اور دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو پہچانتی ہے ۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی،فنڈنگ نیٹ ورکس اور مداخلت کے ناقابل تردید شواہد عالمی فورمز، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کے سامنے بھرپور انداز میں رکھے جائیں ۔