رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی، ملزمان 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لوٹ کر فرار

رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی، ملزمان 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لوٹ کر فرار

بہادرآباد کا رہائشی شخص بینک کے لاکر سے زیورات اور رقم نکلوا کر گھر لایا ،دو موٹر سائیکل پر سوار چار ملزمان تعاقب کرتے ہوئے پہنچ گئے ،لوٹی گئی رقم اور سونے کی مالیت 13کروڑ سے زائد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس کے دعووں کے برعکس شہر قائد میں ڈاکوؤں کا راج بدستور قائم ہے ،بہادرآباد میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات سامنے آ گئی، جہاں مسلح ملزمان نے بینک سے رقم اور سونا نکلوانے والے شہری کو گھر پہنچتے ہی لوٹ لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق شہری نے شارع فیصل پر واقع ایک بینک برانچ سے 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر نکلوائے تھے ۔ ملزمان نے بینک سے ہی شہری کا تعاقب شروع کیا اور بہادرآباد میں اس کے گھر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار کی واردات میں چار مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان ملوث تھے ، جو سونا اور ڈالر لوٹ کر موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق لوٹی گئی رقم اور سونے کی مجموعی مالیت 13 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے ۔واقعہ سی پی ایل سی اور سیف سٹی کیمروں کی موجودگی کے باوجود پیش آیا، جس پر سکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ متاثرہ شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ وہ بینک کے لاکر سے زیورات اور ایک لاکھ امریکی ڈالر نکلوا کر ڈرائیور کے ہمراہ گھر لایا۔ایف آئی آر کے مطابق دو موٹر سائیکل پر سوار چار ملزمان تعاقب کرتے ہوئے گھر آئے ۔ ایک ڈاکو گھر کے باہر موجود رہا۔ جبکہ تین اندر داخل ہوئے اور سونا و ڈالرز لوٹ کر فرار ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں