ٹرانسپورٹ کیریئر یونین کا اجلاس، کمیٹیوں کے چیئرمینز مقرر
حاجی عمران چیئرمین پولیس وکسٹم، ماجد جمیل پورٹ کمیٹی، امجد کو شپنگ دی گئیٹرانسپورٹرز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،حاجی عبدالغنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹرانسپورٹ کیریئر یونین کا اجلاس صدر حاجی عبدالغنی کی صدارت میں ہوا ،جس میں امتیاز شاہ کو چیئرمین ٹرانسپورٹ کیریئر ایسوسی ایشن منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کے چیئرمینز کا انتخاب کیا گیا۔ حاجی عمران خان کو چیئرمین پولیس اینڈ کسٹم کمیٹی ،راجا ماجد جمیل کو چیئرمین پورٹ کمیٹی ،محمد امجد کو چیئرمین شپنگ کمیٹی جبکہ منور حسین کو چیئرمین بزرگ کمیٹی منتخب کیا گیا۔ اجلا س میں شریک ٹرانسپورٹرز نے ٹرانسپورٹ کیریئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔تمام منتخب چیئرمینز نے یقین دہانی کرائی جس طرح آپ نے ہم پر اعتماد کیا ہے ، ہماری کوشش ہوگی کہ ٹرانسپورٹ برادری کو درپیش مسائل سے نکالا جائے ۔ اجلاس سے خطاب میں صدر حاجی عبدالغنی نے کہا کہ جن افراد کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، وہ انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اپنی متعلقہ کمیٹیوں میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ ٹرانسپورٹ کیریئر ایسوسی ایشن ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے ۔ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کوکسی صورت بھی نظراندازنہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ برادری کو درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ جہاں بھی ٹرانسپورٹ برادری کو کوئی مسئلہ درپیش ہوگا ٹرانسپورٹ کیریئر ایسوسی ایشن وہاں ہراول دستے کی طرح موجود ہوگی ۔ ہم ٹرانسپورٹ برادری کو کسی صورت بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔