بھارت کشمیریوں سے جینے کا حق چھین رہا ،گورنر سندھ

 بھارت کشمیریوں سے جینے کا حق چھین رہا ،گورنر سندھ

بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو روندا، خطے میں دہشت گردی پھیلا رہا 10 مئی کو پاکستان نے بھارتی بالا دستی کا غرور خاک میں ملا دیا،کامران ٹیسوری

کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حقوق ہی نہیں بلکہ ان سے جینے کا حق چھین رہا ہے ، آج بھی بھارتی قابض فوج کے مظالم مظلوم کشمیریوں پر جاری ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، اس کے بعد کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اقوام متحدہ میں فیصلہ ہو چکا ،کشمیری عوام جو چاہتے ہیں ویسے ہی فیصلہ ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے تمام فیصلوں کو روندا، بھارت نے مظلوم کشمیریوں سے ان کے جینے کا حق بھی چھین لیا،پاکستان میں آج بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بنے گا پاکستان مکمل نہیں ہوگا، 10 مئی کو پاکستان نے بھارت کو وہ جواب دیا جس کی تعریف دنیا کر رہی ہے ۔بھارت کا منافقانہ بیانیہ ہے جو وہ کئی سالوں سے بیان کر رہا تھا، آج جب خطے میں بھارتی بالا دستی پاکستان نے ختم کی تو دہشت گردی پھیلانے لگا۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے ، مودی دنیا کے ساتھ ساتھ خود بھارت میں بھی بے نقاب ہو گیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کشمیریوں سے یکجہتی اور ان کیساتھ کھڑے ہونے کا دن ہے ، ایک دن آئے گا جب سب دیکھیں گے کہ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ سچ ہوگا، کشمیر کی تحریک پاکستان کی تکمیل ہے ، جب کشمیر آزاد ہو گا تب پاکستان مکمل ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں