وزیراعلی سندھ نے میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں نئے وارڈز کا افتتاح کردیا
کراچی (این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (ایم ایم آئی)اسپتال میں ابنِ سینا وارڈ، ابن الہیثم وارڈ اور ۔۔۔
الشفا آٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی)کا افتتاح کیا اور اس توسیع کو صوبے میں معیاری صحت کی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ نئی سہولیات مریضوں کو زیادہ آرام، وقار اور سہولت کے ساتھ علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی جو عوامی فلاح و بہبود کے مضبوط عزم کی عکاسی ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سندھ صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، خصوصی طبی خدمات کے فروغ اور معاشرے کے تمام طبقات کے لیے طبی سہولیات تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے ۔ایم ایم آئی اسپتال کے اپنے 2017 کے دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی اسپتال اور انڈس اسپتال کے بعد میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کراچی میں نجی شعبے کی سب سے بڑی طبی سہولیات میں سے ایک بن کر ابھرا ہے ۔ انہوں نے اسپتال کے انتظام میں مخیر حضرات کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے انسانیت کی قابلِ تحسین خدمت قرار دیا۔