سندھ میں تعلیم مفت،سردار شاہ ، امتحانی فیس یا آئی ٹی چارجز کے نام پر وصولی کا نوٹس
سیکریٹری کالجز کو سیکریٹری یونیورسٹیز بورڈ سے رابطے کی ہدایت، فیس وصول نہ کرنے کے احکامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،وزیرتعلیم،محکمہ اسکول ایجوکیشن سے منسوب نوٹیفکیشن جعلی قرار
کراچی(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے کچھ تعلیمی بورڈز کی جانب سے امتحانی فیس وصول کرنے کی شکایت پر نوٹس لے لیا۔صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے امتحانی فیس وصول کرنے کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں تعلیم مفت ہے ، فیس یا آئی ٹی چارجز کے نام پر رقم وصول نہ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کو بنیادی حق کے طور پر تسلیم کرتے ہیں، داخلے سے لے کر امتحان کے مراحل تک فیس ختم ہو چکی ہے ۔ اسی حوالے سے وزیر تعلیم نے سیکرٹری کالجز کو سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بورڈز کی جانب سے فیس نہ وصول کرنے کے احکامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر محکمہ اسکول ایجوکیشن کے نام جعلی نوٹیفکیشن کے چرچے ہیں ۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سے منسوب نوٹیفکیشن جعلی قرار دیا گیا ۔ محکمہ تعلیم سندھ نے کہا کہ نوٹیفکیشن جعلی اور گمراہ کن ہے ۔ جعلی نوٹیفکیشن کو پھیلانے سے گریز کیا جائے ئے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل صوبائی محکمہ تعلیم نے سندھ ہائی کورٹ کے واضح احکامات کی روشنی میں صوبے بھر کے تمام نجی اسکولوں کو ہدایت جاری کیکہ وہ پسماندہ اور مستحق طبقے کے کم از کم 10 فیصد طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے قانونی تقاضے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں ۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا کہ ہر نجی اسکول اپنے مجموعی داخلہ شدہ طلبہ میں سے کم از کم 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا پابند ہے ۔