ترالی میں دھماکہ بیرونی قوتوں کی سازش ہے ، جعفریہ الائنس
دہشت گردی منظم انداز میں پروان چڑھائی، رہنما، انتہا پسندی ہے ، نواب راشدانڈیا نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے کارروائیاں شروع کروائیں، انجینئر عبدالعلیم
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)جعفریہ الائنس حیدرآباد کے عہدیداران صدر ساجد انصاری، سیدشمیم نقوی و دیگر نے بیان میں کہا ہے کہ راولپنڈی کے نواح ترالی میں دھماکہ بیرونی قوتوں کی سازش ہے ، ایک بار پھر ملک میں دہشت گردی کو منظم انداز میں پروان چڑھایا گیا۔ سکیورٹی ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز اور موثر کارروائی کریں۔ دوسری جانب حق پرست رکن قومی اسمبلی پروفیسر انجینئر عبدالعلیم خانزادہ نے کہا ہے کہ یہ واقعہ امن و امان مذہبی ہم آہنگی کے خلاف گھناؤنا حملہ ہے ۔ معرکہ حق میں بدترین شکست کے بعد انڈیا بوکھلا گیا اور اس نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں کارروائیاں شروع کروائی ہوئی ہیں۔
سابق صوبائی وزیر اور حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کے سرپرست نواب راشد علی خان نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے انتہاپسندی پر اتر آئے ہیں لیکن پاک فوج اور عوام کی جدوجہد کے نتیجے میں یہ کبھی بھی اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مختلف صوبوں کے پی کے ، بلوچستان اور اب اسلام آباد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، یہ دہشت گرد نہ تو مسلمان ہیں اور نہ ہی انسان بلکہ وحشی درندے ہیں جن کا مقصد بے گناہ افراد کے خون سے ہولی کھیلنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں برسہا برس سے اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیاں کی جارہی ہیں جن کا مقصد پاکستان کی معیشت اور اس کی بنیادوں کو نقصان پہنچانا ہے۔