لاپتا کم عمر طالبہ نقدی وسامان سمیت بحفاظت بازیاب
بچی کے والدین نے مزید تعلیم سے منع کیا جس پر ناراض ہوکر گھر چھوڑ گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کیماڑی انویسٹی گیشن پولیس کی کارروائی لاپتہ کم عمر طالبہ کو لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان سمیت بحفاظت بازیاب کروالیا گیا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی توحید رحمان میمن کے مطابق 17 سالہ اقراء 31 جنوری کو لاپتہ ہوئی تھی، لاکھوں روپے نقدی، ڈیڑھ تولہ طلائی زیورات، 4 اسمارٹ گھڑیاں، موبائل فون، ٹیبلٹ کے علاوہ اسکول بیگ بھی گھر سے غائب تھے ۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ اتحاد ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا،تفتیشی ٹیم نے تکنیکی و ہیومن انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے بچی کو سہراب گوٹھ کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کرلیا،تفتیشی ٹیم نے لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کر لیا۔
بازیاب بچی ساتویں جماعت کی طالبہ ہے جو اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتی تھی،بچی کے والدین نے مزید تعلیم سے منع کیا جس پر ناراض ہوکر گھر چھوڑ گئی،بچی اپنی تعلیم جاری رکھنے کی غرض سے گھر سے نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان ساتھ لے گئی،بچی نے سہراب گوٹھ کے علاقے میں ایک رکشہ ڈرائیور سے خود کو لاوارث ظاہر کرکے پناہ حاصل کی،بچی رکشہ ڈرائیور کے گھر میں اس کے بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔بازیاب بچی نے سہراب گوٹھ کے ایک اسکول میں داخلہ بھی حاصل کر لیا تھا،بازیاب بچی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔