تجاوزات کے خلاف درخواست پر ایس بی سی اے ، کمشنر اور دیگر سے رپورٹس طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے باتھ آئی لینڈ کلفٹن میں تجاوزات کے خلاف دائر درخواست پر ایس بی سی اے ، کمشنر کراچی، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اور دیگر فریقین سے رپورٹس طلب کرلی ہیں۔
وکیل درخواست گزار لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سکیورٹی وجوہات کے تحت غیر ملکی قونصل خانے کے اطراف قائم کنکریٹ دیوار کے باعث عمارت کے گراؤنڈ فلور تک گاڑیوں کی رسائی مکمل طور پر بند ہو گئی تھی۔ اس معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے درخواست گزار کو متبادل سڑک سے رسائی دینے کی اجازت دی تھی اور واضح ہدایت جاری کی تھی کہ درخواست گزار منظور شدہ بلڈنگ پلان پر سختی سے عمل کرے اور گراؤنڈ فلور پر قائم جم، فٹنس سینٹرز سمیت تمام اضافی تعمیرات مسمار کرے ۔سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود متبادل راستے پر غیر قانونی تجاوزات تاحال موجود ہیں، جس کے باعث عمارت تک مکمل اور مؤثر رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔ عدالت نے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 مارچ تک رپورٹس جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔