زیرِ زمین پانی سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے زیرِ زمین پانی سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس میں صنعتی اداروں کے نمائندگان سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں زیرِ زمین پانی کی بلنگ سے متعلق معاملات پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مفاہمتی مرحلے کے دوران سب سوائل آپریٹرز کے خلاف کوئی قانونی کارروائی یا کنکشن منقطع نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران سب سوائل واٹر آپریٹرز نے صنعتی اداروں کو پانی کی فراہمی بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی جبکہ بلنگ کی جانچ پڑتال اور مفاہمتی عمل کو شفاف بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ تمام مسائل کو ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری اور عوامی مفاد کے تحت حل کرنے پر بھی اتفاق رائے قائم ہوا۔