ترقیاتی کاموں کو منفی سیاست سے بچانا ہوگا ،میئر
ریڈ لائن منصوبے کے مارچ سے جولائی کے دوران مختلف حصے مکمل ہوجائینگے وزیر اعلیٰ اتوار کو ملیر بھینس کالونی فلائی اوور کا افتتاح کریں گے ، مرتضیٰ وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی گلزار ہجری سچل گوٹھ میں مرکزی سڑکوں اور پیور بلاکس اسٹریٹس کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کردیا۔میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے سچل گوٹھ میں شروع کیا جانے والا یہ منصوبہ شہری سہولیات کی بہتری کی جانب اہم پیشرفت ہے جس پر مجموعی طور پر تقریباً55 کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کو شہریوں کی مشکلات کا مکمل اندازہ ہے ،رواں سال ترقیاتی کاموں کا سال ثابت ہوگا ۔ ضلع شرقی کے عوام کو بی آر ٹی ریڈ لائن کے باعث مشکلات کا سامنا ہے ،مارچ سے جولائی کے دوران اس کے مختلف حصے مکمل ہونا شروع ہوجائیں گے ۔ اسی ہفتے بلوچ کالونی ایکسپریس وے کا کام مکمل ہوجائے گا اور قیوم آباد سے شہید ملت روڈ تک اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جبکہ اتوار کووزیراعلیٰ مراد علی شاہ ملیر بھینس کالونی فلائی اوور کا افتتاح کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی رواں سال شہر کی ترقی پر 46 ارب روپے خرچ کرے گی جبکہ ٹاؤنز کی اندرونی گلیوں کی بہتری کیلئے 13 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ۔میئر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے اس سلسلے کو منفی سیاست اور رکاوٹوں سے بچانا ہوگا تاکہ کراچی کو آگے بڑھایا جاسکے ۔