ناظم آباد میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کی جانب سے ماہر القادری پارک میں خوبصورت اور رنگا رنگ پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا باقاعدہ افتتاح چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم کے ہمراہ کیا۔
افتتاح کے موقع پر چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پھول اور سبزہ نہ صرف ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ شہریوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کا مقصد عوام کو صاف ستھرا، خوشگوار اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے اور اسی وژن کے تحت پارکس کی بہتری، شجرکاری اور فلاور شوز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم نے کہا کہ شہری علاقوں میں سبزہ اور پھولوں کی نمائش جیسے اقدامات ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔