کالجز رجسٹریشن کیلئے درکارتین اضافی درجات ختم
اب نظام تیزاورشفاف ہوگا،سافٹ ویئر کے مسائل2دن میں حل کریں،ندیم میمنفروری تک زیرالتوا22لائسنس کیسز حل کریں،سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ
کراچی (این این آئی)سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ ندیم الرحمن میمن کی زیر صدارت سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ (ایس باس)کے ذریعے نجی کالجز کی رجسٹریشن اور تجدید کے نفاذ سے متعلق اہم اجلاس محکمہ کالج ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں نجی کالجز کی رجسٹریشن اور تجدید کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے ، سافٹ ویئر انضمام، قانونی و تکنیکی رکاوٹوں کے خاتمے اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت طریقہ کار کو آسان بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سیکریٹری کالجز ندیم میمن نے کالجز کی رجسٹریشن کے لیے درکارتین اضافی درجات ختم کردیے ۔ کاروباری برادری کو خوشخبری سنائی کہ اب حتمی منظوری کا اختیار اسپیشل سیکریٹری کو ہوگا جبکہ ان کی عدم موجودگی میں سیکریٹری خود منظوری دیں گے۔
اس فیصلے کے بعد سیکشن افسر، ڈپٹی سیکریٹری اور اسپیشل سیکریٹری کا اختیار ختم کردیا گیاہے ۔سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے نظام میں موجود تمام تکنیکی خرابیاں فوری دور کی جائیں، ہم نے ایز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت غیر ضروری مراحل ختم کر دیے ہیں۔ اب نظام تیز، شفاف اور جوابدہ ہوگا۔ اجلاس میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے ہدایت دی کہ سافٹ ویئر سے متعلق تمام مسائل دو دن میں حل کیے جائیں۔ 28 فروری تک زیر التوا 22 لائسنس کیسز حل کیے جائیں۔ رجسٹریشن اور تجدید کے عمل میں نئے اور پرانے کالجوں کی واضح درجہ بندی کی جائے ۔