شہر کے حال و مستقبل پر سوالات اٹھانے کا وقت آگیا،گورنر
کھلے گٹر، ڈمپر حادثات اور آتشزدگی سے قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیںسیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کراچی کے مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے
کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تعلیمی کانفرنس کراچی کا مستقبل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے حال اور مستقبل پر سنجیدہ سوالات اٹھانے اور ان کا حل تلاش کرنے کا وقت آچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی صرف ایک شہر نہیں بلکہ منی پاکستان ہے ، جہاں ہر قومیت اور مذہب کے لوگ آباد ہیں اور روزگار کماتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کراچی کی بہتری دراصل پاکستان کی بہتری ہے کیونکہ 25 کروڑ عوام کا مستقبل اس شہر سے جڑا ہوا ہے ۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بحیثیت گورنر سندھ وہ وفاق، صوبے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان موثر کردار ادا کرکے شہر کے مسائل کا حل نکالنا چاہتے ہیں۔
شہر میں بڑھتی خرابیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ سب مل کر بیٹھیں اور عملی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ کراچی نے ہمیں سب کچھ دیا، لیکن آج شہر ہم سے اپنا قرض مانگ رہا ہے ۔ کھلے گٹر، ڈمپر حادثات اور عمارتوں میں آتشزدگی جیسے سانحات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، اور اس میں ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جامعات کے چانسلرز اور فیکلٹی کی مشکلات کا حل تلاش کرنے کے ساتھ تعلیمی قیادت کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کراچی کے مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے۔