سندھ حکومت قیام امن میں ناکام ہوگئی،ایم کیوایم
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹھوس کارروائیاں نظر نہیں آ رہیں،اراکین اسمبلی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ سندھ میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں شہریوں کیلئے شدید تشویش کا باعث بن چکی ہیں اور عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 کے دوران اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا اور خاص طور پر کراچی میں شہری مسلسل ڈکیتی، موبائل اسنیچنگ اور موٹر سائیکل چھیننے جیسے جرائم کا شکار ہوتے رہے ، جبکہ مزاحمت کرنے پرشہریوں کے زخمی اور جاں بحق ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت سندھ امن و امان قائم رکھنے میں موثر حکمت عملی بنانے میں ناکام رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹھوس کارروائیاں نظر نہیں آ رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ رمضان المبارک قریب آ رہا ہے اور اس دوران بازاروں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر شہریوں کی آمدورفت اور رش میں اضافہ ہو جاتا ہے ، اس لیے ضروری ہے کہ رمضان سے پہلے ہی خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے ، پولیس گشت بڑھایا جائے اور حساس علاقوں میں نگرانی سخت کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔ اراکین اسمبلی نے اعلی حکام اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔