ٹھل، باندھی میں 3قتل، محراب پور حادثے میں ایک ہلاک

ٹھل، باندھی میں 3قتل، محراب پور حادثے میں ایک ہلاک

منٹھار لاشاری کو گاؤں علی نواز میں موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایاجھڈو میں خاتون کے قتل کا مقدمہ درج، محراب پور میں نہر سے لاش ملی

ٹھل، اندرون سندھ(نمائندگان)ٹھل میں 2 افراد اور باندھی میں ایک نوجوان کو قتل کردیا گیا، محراب پور کے قریب حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ نہر سے طالبعلم کی لاش ملی۔ باندھی کی دیہہ 3 چک، گاؤں علی نواز جمالی کے قریب 30 سالہ نوجوان منٹھار لاشاری قتل کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق منٹھار لاشاری معمول کے مطابق گاؤں کے قریب موجود تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کر دی۔ ادھر ٹھل کے علاقے باہو کھوسو میں دشمنی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ، واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ۔ پولیس نے لاشوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا، مقتولین کا تعلق تنگوانی کے علاقے ہیبت شہید، داہانی برادری سے ہے ۔ جھڈو میں عدالتی احکامات کے تحت خاتون منگنھار کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، 15 سالہ خاتون منگنھار کے قتل کامقدمہ زاہد کھوسو، سکندر کھوسو اور دونامعلوم افراد کیخلاف درج کیاگیا۔ محراب پور کے قریب حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا، پھل تھانے کی حدود دریا خان مری رابطہ سڑک پر گاؤں صوبھو خان رند اسٹاپ کے پاس تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے 16 سالہ سونو خان ولد معشوق علی وگن جاں بحق ہوگیا، جس کا تعلق گاؤں کلرو سے ہے ۔ دوسری جانب مہران یونیورسٹی میں زیر تعلیم کنڈیارو کے رہائشی طالب علم فرمان جمالی کی لاش میر واہ کینال سے ملی ہے ، پولیس کے مطابق لاش شناخت ہو جانے پر ضروری کارروائی بعد ورثاء حوالے کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں