جے ایس ایم یو، آپریشن غضب للحق کے حق میں ریلی
قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں،پوری قوم افواج کے ساتھ ہے ،وائس چانسلر
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) میں پاکستان کی مسلح افواج کے آپریشن غضب للحق کے حق میں ایک بھرپور یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں منعقد کی گئی، جس میں طلبہ، فیکلٹی اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کی جب کہ سندھ میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر عنبرین عثمانی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ شرکاء نے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے نعرے بلند کرتے ہوئے قومی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کی مسلح افواج ہماری قومی خودمختاری کی ضامن ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن غضب للحق صرف ایک کارروائی نہیں بلکہ قومی عزم کی علامت ہے ۔ ہماری افواج کی قربانیاں ہماری آزادی کی بنیاد ہیں اور ان کا احترام ہم سب پر فرض ہے ۔ ملکی سلامتی کے معاملے پر کوئی ابہام نہیں ، ہماری حمایت غیر متزلزل ہے ۔ پرنسپل سندھ میڈیکل کالج پروفیسر عنبرین عثمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری نوجوان نسل اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔