کے ایم سی کے 16 ہزار ملازمین کو تنخواہیں ادا ،ملازمین کا اظہار تشکر
کراچی (این این آئی)سجن یونین کی انتھک کوششوں ،کے ایم سی انتظامیہ کے بھرپور تعاون اور حبیب بینک کے ایم سی برانچ کے منیجر کی ذاتی دلچسپی اور کاوش سے کے ایم سی کے 16 ہزار ملازمین کو 5 روز کی تاخیر کے بعد تنخواہیں ادا کردی گئیں جس سے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔۔۔
سجن یونین سی بی اے کے صدر سید ذوالفقارشاہ نے تنخواہوں کی ادائیگی میں مدد کرنے پر افسران و عملے کا شکریہ ادا کیا۔کے ایم سی ملازمین کی تنخواہیں حبیب بینک کے مرکزی آئی ٹی کے سسٹم میں خرابی آجانے کے باعث ملازمین کی تنخواہیں انکے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر نہیں ہورہی تھیں جس پر ملازمین مسلسل سراپا احتجاج بنے ہوئے تھے اور سجن یونین کے سربراہ سید ذوالفقارشاہ کی قیادت میں ملازمین نے مسلسل دوروز کے ایم سی ہیڈ آفس میں حبیب بینک کی برانچ پر احتجاج جاری رکھا۔جس پر کے ایم سی کے میونسپل کمشنر،فنانشل ایڈوائزر ،ڈائریکٹر آر اینڈ آرنے حبیب بینک کے اعلیٰ حکام سے نہ صرف رابطہ کیا بلکہ انہیں تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی پراپنی تشویش کے ساتھ تنبیہ کا لیٹر بھی جاری کیااور بالآخر براہ راست برانچ سے تنخواہوں کا اجرا کردیا گیا۔