زیادہ گاڑیاں والوں کا کوٹہ محدود کرنے کی تجویز

زیادہ گاڑیاں والوں کا کوٹہ محدود کرنے کی تجویز

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنا خوش آئند ،مولانا بشیر فاروقکار سواروں پردفتری اوقات میں اکیلے سفر پر پابندی پر غور کیا جائے ،چیئرمین سیلانی

کراچی (این این آئی)سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنے پر حکومت وقت کا شکریہ ادا کیا ہے اور متوقع توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے زیادہ تعدادمیں گاڑیاں رکھنے والے گھرانوں کے لیے پٹرول کوٹہ سسٹم نافذ کرنے اور کار سواروں پر دفتری اوقات میں اکیلے سفر پر پابندی لگانے کی تجاویز دی ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرناان حالات میں بہتر قدم ہے کیونکہ اچانک 55 روپے فی لٹر کے حالیہ اضافے نے پہلے ہی غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔مہنگے پٹرول کا بوجھ اسی تناسب سے اس غریب پر بھی ڈال دیا گیا ہے جس نے اپنی موٹر سائیکل کو ٹیکسی بنایا ہو ا ہے ۔وہ بیوی اور تین بچوں کے ساتھ آنے جانے پر مجبور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اگرآج مہنگا پٹرول یا مہنگی گیس لے کر سستا بیچے گی تو بوجھ تو ریاست اور عوام پر ہی پڑے گا۔ ویسے ہی ریاست 137 ارب ڈالر کا قرض لے چکی ہے تو مزید قرض لینے سے آئی ایم ایف کے دباو پر مزید ظلم والی پابندیاں نافذ کرنا پڑیں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ ایک گاڑی میں صرف ایک صاحب سفر کر رہے ہوتے ہیں جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں ایسا پول سسٹم نافذہے کہ جہاں اکیلے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے صنعت کار وں پر ایف بی آر کے ٹیکسز بڑھتے چلے جائیں گے ،صنعتیں بند ہوجائیں گی اور برآمدات کم ہو جائیں گی۔ایسی صورتحال میں وزیر اعظم شہباز شریف وزرا اور ماہرین معاشیات سے مشاورت کریں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں