کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں گرلز کامن روم کاآغاز
سیکریٹری ایچ ای سی اور وائس چانسلر نے مشترکہ طور پر کامن روم کا افتتاح کیاجامعات کو صرف تعلیم و تحقیق تک محدود نہیں رہنا چاہیے ،ڈاکٹر وسیم قاضی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی (سابقہ کے ایم ڈی سی) میں 35 برس بعد ’گرلز کامن روم‘کا افتتاح کردیا گیا۔ یہ افتتاح ہفتے کے روز سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر نعمان احسن اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید دور کی جامعات کو صرف تعلیم و تحقیق تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں طلبہ کی روزمرہ ضروریات اور سہولتوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے ۔ ان کے مطابق طالبات کے لیے کامن روم کا قیام اسی وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ایک ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں طلبہ خود کو محفوظ، باوقار اور پُراعتماد محسوس کریں۔
سیکریٹری سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر نعمان احسن نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم کے معیار میں بہتری صرف کمرہ جماعت تک محدود نہیں ہوتی، بلکہ طلبہ کے لیے محفوظ اور سہولت بخش ماحول فراہم کرنا بھی اسی معیار کا اہم پہلو ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا یہ اقدام ناصرف طالبات کی بنیادی ضروریات کو پورا کرتا ہے بلکہ ان کے خود اعتمادی کو بھی فروغ دے گا۔ ہم اس منصوبے کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دیگر تعلیمی ادارے بھی اسی جذبے کی تقلید کریں گے ۔کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی انتظامیہ کے رجسٹرار ڈاکٹر محمود کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی طلبہ کی سہولتوں اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات زیر غور ہیں۔