پی پی کی شکل میں جاگیردار،وڈیرے مسلط ہیں ،منعم ظفر
ملک کا معاشی حب ، عوام بجلی ، پانی سمیت بنیادی سہولیات سے محروم اپنے حق کے لیے جدو جہد اور مزاحمت کی ضرورت ہے ، ہزارہ کالونی میں جلسہ
کراچی(این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ضلع جنوبی کے تحت عید گراؤنڈ ہزارہ کالونی میں جینے دو کراچی کو جلسہ عام و دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ۔ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن کراچی کے شہری پانی،بجلی، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل کا شکار اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی شکل میں جاگیرداروں اور وڈیروں کو ہمارے سروں پر مسلط کیا گیا ہے جو کراچی کے وسائل اور اداروں پر قابض ہیں اور عوام سے جینے کا حق بھی چھین رہے ہیں۔ اس ظلم کے خلاف اٹھنے اور اپنے حق کے لیے جدو جہد اور مزاحمت کی ضرورت ہے۔
دعوت افطار سے امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، نائب امیر ضلع اسد اعجاز،ناظم علاقہ ایڈوکیٹ ممریز خان نے بھی خطاب کیا۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ امریکہ کی سرپرستی میں اسرائیل نے ڈھائی سال میں 75 ہزار فلسطینیوں کو شہید کیا ، غزہ کی 23 سے 24 لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کو ملیا میٹ کردیا گیا ہے ۔ اسرائیل جیسی ناجائز ریاست کو امریکہ نے نہ صرف سپورٹ کیا بلکہ غزہ پر بمباری کے لیے اسلحہ فراہم کیا۔ فلسطین کے مسلمانوں کے قبلہ اول کی حفاظت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور اسرائیل کے سامنے جھکنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ جدوجہد اور قربانی دینے کا مہینہ ہے ۔