سانگھڑ :بین الصوبائی گینگ کے 2زخمیوں سمیت 5 ڈاکو گرفتار
ٹنڈوآدم میں پولیس مقابلہ، چھینے گئے 3 موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد ڈاکوؤں کا یہ گینگ صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں وارداتوں میں ملوث تھا
سانگھڑ (نمائندہ دنیا) ٹنڈوآدم میں ڈاکوؤں کے بین الصوبائی گینگ کا خاتمہ، پولیس مقابلے کے بعد 2 زخمیوں سمیت 5 ڈاکو گرفتار،5 پستول، مختلف وارداتوں میں چھینے گئے 3 موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ اور ٹنڈوآدم محمد حنیف مہر ماتحت عملے کے ہمراہ معمول کے گشت پر تھے کہ حبیب خان مری موڑ پر 5 مسلح ملزموں کو کسی واردات کی نیت سے کھڑے دیکھ کر للکارا، جس پر ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں عامر عرف ٹنڈو ملک اور سجاد عرف راجہ راہو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول برآمد کرلئے ۔ اس کے علاوہ گینگ کے دیگر 3 ڈاکوؤں عثمان شیخ، بابر علی گجر اور ذیشان عرف شان شیخ کو بھی گرفتار کر کے قبضے سے تین ٹی ٹی پستول برآمد کرلئے ۔ اس ضمن میں مقدمہ نمبر 87 سال 2026 زیر دفعہ 324، 353، 399، 402، 34 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزموں سے مقدمہ نمبر 42 سال 2026 زیر دفعہ 392، 34 پی پی سی اور مقدمہ نمبر 314 سال 2025 زیر دفعہ 392، 34 پی پی سی میں چھینے گئے 3 موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ڈاکوؤں کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے 5 الگ الگ مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ ڈاکوؤں کا یہ گینگ صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں وارداتوں میں ملوث ہے ۔ دیگر اضلاع سے ملزموں کا کرمنل ریکارڈ جمع کیا جا رہا ہے ۔ تفتیش کے بعد ملزموں سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔