سکھر:زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانے

سکھر:زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانے

سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ نے مسافروں سے لی گئی اضافی رقم واپس کرا دیکارروائیاں عید کے دن اور اس کے بعد بھی جاری رہیں گی،فیاض حسین منگی

سکھر (بیورو رپورٹ) عید کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایوں کی وصولی کی شکایت پر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر سکھر سمیت سندھ بھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ حرکت میں آگیا اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ سکھر میں سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فیاض حسین منگی کی سربراہی میں عملے نے سکھر،روہڑی بائی پاس ،ببرلو و دیگر شاہراہوں پر سخت چیکنگ کا عمل شروع کردیا ہے اور چیکنگ کے دوران کراچی سے لاہور ،پشاور ،کوئٹہ اور ملک کے دیگر حصوں کی طرف جانے والی اور وہاں سے کراچی کی طرف آنے والی متعدد کوچز پر چھاپے مارے اور مسافروں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کیے اور مسافروں کو مقررہ کرایہ سے زائد وصول کی جانے والی رقم واپس کرادی، جس پر مسافروں نے ان سے اظہار تشکر کیا۔ سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سکھر فیاض حسین منگی کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ کے احکامات اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سکھر کی ہدایات کی روشنی میں گزشتہ کئی روز سے کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک متعدد کوچز پر چھاپے مار کر جرمانے عائد کیے گئے اور مسافروں سے کرائے کی مد میں لی گئی ہزاروں روپے کی اضافی رقم بھی واپس کرادی گئی ۔ کارروائیاں عید کے دن اور اس کے بعد بھی جاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں