پنگریو :نئی گندم آنے کے بعد بھوسہ 400 روپے من ہوگیا

پنگریو :نئی گندم آنے کے بعد بھوسہ 400 روپے من ہوگیا

چند روز قبل 900 روپے من فروخت ہو رہا تھا، قیمت کمی سے کاشتکار پریشانطلب کے مقابلے میں رسد زیادہ ہونے کے باعث قیمتوں میں نمایاں کمی آئی

پنگریو (نمائندہ دنیا) پنگریو اور ملحقہ علاقوں میں گندم کی نئی فصل آنے کے بعد بھوسے کے نرخوں میں غیر معمولی کمی آگئی۔ چند روز قبل تک 900 روپے من میں فروخت ہونے والا بھوسہ کم ہو کر 400 روپے من تک پہنچ گیا ، جس کے باعث مقامی کاشتکاروں اور بھوسے کے بیوپاریوں کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق گندم کی کٹائی میں تیزی آنے کے بعد مارکیٹ میں بھوسے کی مقدار بڑھ گئی ہے ، جس کے نتیجے میں طلب کے مقابلے میں رسد زیادہ ہونے کے باعث قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی گندم کے نرخ کم ہونے کی وجہ سے انہیں مناسب منافع نہیں مل رہا تھا اور اب بھوسے کی قیمت گرنے سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ بھوسے کے بیوپاریوں کے مطابق اچانک بڑی کمی کے باعث خرید و فروخت کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں جبکہ منافع میں بھی واضح کمی آئی ہے ۔ کاشتکاروں اور زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اس کے اثرات مقامی زرعی معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ زرعی ماہرین کے مطابق گندم کی پیداوار میں معروف پنگریو اور گرد و نواح کے علاقوں سے ہر سال بڑی مقدار میں بھوسہ کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں فروخت کے لیے بھیجا جاتا ہے ، اس لیے قیمتوں میں موجودہ کمی نہ صرف مقامی منڈی بلکہ وسیع زرعی کاروبار پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں