تلہار :ریلوے اراضی پر قائم کی گئی 22 دکانیں سربمہر
تلہار (نمائندہ دنیا) تلہار میں ریلوے اراضی پر کافی عرصے سے قائم تجاوزات کے خلاف حیدرآباد اور بدین کے عملے پر مشتمل ٹیم نے ریلوے پولیس کے ساتھ آپریشن کیا۔ اس دوران ریلوے کی حدود میں آنے والی 22 دکانوں کو سربمہر کردیا گیا۔
اس موقع پر ٹیم کے عملے ولی محمد جسکانی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ کارروائی اچانک نہیں کی گئی، ذمہ داران کو کو 2 ماہ قبل تجاوزات ختم کرنے کو کہا گیا تھا لیکن ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا ، جس کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ یاد رہے کہ کئی برس سے حیدرآباد بدین کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کو بند کر کے تین اضلاع کے عوام کو ایک محفوظ سفری سہولت سے محروم کردیا گیا تھا ، جس کے خلاف مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا تھا، لیکن اب کہا جا رہا ہے کہ ٹرینوں کو دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے ، جس پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔