بلیک لسٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان
بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگااکتوبر 2025سے اب تک تقریباً 6 لاکھ ای ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں
کراچی (این این آئی)ٹریفک پولیس نے شہر قائد میں بلیک لسٹ کی گئی 23 ہزار گاڑیوں کے خلاف عید کے بعد سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے ۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت کراچی میں ٹریفک انتظامات اور فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز سندھ پولیس ہائی ویز پٹرولنگ، سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن، ہیڈکوارٹرز، ٹریفک کراچی، ٹی اینڈ ٹی، آئی ٹی، ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی ئی جی ٹریفک کراچی نے کہا کہ عید کے بعد بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکلیں چلانے والوں اور ٹریکس سسٹم کے تحت بلیک لسٹ کی گئی 23 ہزار گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 27 اکتوبر 2025 سے اب تک تقریبا 6 لاکھ ای ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ سسٹم کی بہتری، عوامی سہولت اور سروسز میں اضافہ کے لیے مختلف نوعیت کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں حالیہ دنوں میں ٹریفک حادثات میں اچانک اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کو ہدایت دی کہ واقعات کی شفاف اور جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوں نے ہدایت دی کہ تحقیقات میں حادثات کی وجوہات اور ان کے انسداد سے متعلق مثر تجاویز بھی شامل کی جائیں۔