جماعت اسلامی کا تحفہ عید، 10ہزار بچوں میں کپڑے تقسیم
مسلسل دسویں سال تقریب،متعدد اسٹالز ،بچیوں کو چوڑیاں بھی دیں گئیں عوام کو حکمران ٹولے کے خلاف مزاحمت اور جدو جہد کرنی ہوگی،منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت مسلسل 10ویں سال ضرورت مند بچوں و بچیوں کو عید گفٹ و عید کے کپڑوں کی فراہمی کیلئے عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں پر وقار تقریب تحفہ عید منعقد کی گئی جس میں 10ہزار بچوں کو عید کے نئے کپڑے تقسیم کیے گئے ۔ تقریب میں بچوں کے والدین نے بھی بڑی تعداد میں شر کت کی جبکہ بچیوں کو چوڑیاں بھی دیں گئیں۔ گراؤنڈ میں بڑی تعداد میں اسٹالز لگائے گئے ۔ تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ حکومت وریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو تعلیم و صحت سمیت بنیادی ضروریات زندگی اور انصاف فراہم کرے ، مگر بد قسمتی سے جن ہاتھوں میں اختیارات و وسائل ہیں انہوں نے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے ،بڑا المیہ ہے کہ حکمرانوں نے عوام کو غربت، مہنگائی، بے روزگاری سے دوچار کیا ہوا ہے اور پٹرول بم گرائے جا رہے ہیں، عوام بجلی، پانی، صحت، ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، غریب والدین اپنے بچوں کو عید کی خوشیاں فراہم کرنے سے قاصر ہیں، جب جماعت اسلامی اور الخدمت بچوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کر سکتی ہے تو حکومت وریاست اپنی ذمہ داریاں کیوں پوری نہیں کرتی۔ عوام کو ظلم کے خلاف اُٹھنا اور اقتدار پر حکمران ٹولے کے خلاف مزاحمت اور جدو جہد کرنی ہوگی۔