مویشی منڈی کیلئے ٹینڈر جاری،افتتاح 5اپریل سے ہوگا
منڈی تیسر ٹاؤن ناردرن بائی پاس پر لگائی جائیگی،ورک آرڈر ملنا شروع عارضی موبائل دفتر قائم کر نے لیے تعمیرات کا آغاز کردیا ،طارق علی تنولی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ایشیاکی سب سے بڑی عارضی مویشی منڈی 2026 کیلئے ایڈمنسٹریٹر سمیت دیگر ٹھیکے جاری،عید الاضحیٰ سے 2ماہ قبل تیسر ٹاؤن ناردرن بائی پاس پر قربانی کے جانوروں کیلئے قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی کیلئے 18کٹیگریز پر مشتمل ٹھیکوں کا ٹینڈر جاری کردیا گیا ۔جاری کیے گئے ٹھیکوں میں ایڈ منسٹریٹر، بجلی سپلائی،کار پارکنگ،پانی سپلائی،سافٹ ڈرنک،منرل واٹر سپلائی،چارہ سپلائی، برف سپلائی،ٹینٹ (شامیانے )سپلائی،آٹومیشن سروس، کیبن ہوٹل سروس،واٹرڈرم،بھل سپلائی،برانڈنگ اینڈ ایڈورٹائیزمنٹ،وٹرنری سروس،فیول سپلائی،رینٹ اے کار سروس، پری فیبریکٹرز کنٹینرز اور بیت الخلا سمیت دیگر انتظامات شامل ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کا ٹھیکہ حاصل کرنے والے علی تنولی نے کہا کہ منڈی کا افتتاح5اپریل 2026بروز اتوار کو کیا جائے گا۔منڈی میں جانوروں کو رکھنے کے لیے مختلف بلاکس کی زمینوں کو ہموار کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ، تمام سہولتوں سے آراستہ منڈی تیسر ٹاون ناردرن بائی پاس پر لگائی جائے گی۔طارق علی تنولی نے کہا کہ مویشی منڈی میں کنٹینرز پر مشتمل عارضی موبائل دفتر قائم کر نے لیے تعمیرات کا آغاز کردیا ہے ۔ اسی طرح ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے صفائی ستھرائی کا کام بھی شروع کردیا گیاہے ۔ الاٹ ہونے والے ٹھیکے داروں کو ورک آرڈر ملنا شروع ہوگئے ہیں ۔ناردرن بائی پاس پر مویشی منڈی سجنے کو تیار ہے۔