تحریک انصاف کانالوں کی صفائی، رین ایمرجنسی کا مطالبہ
حالیہ بارشوں میں ناقص منصوبہ بندی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنارہاآئندہ بارشوں میں مزید بحران کا خدشہ، حکومت اقدامات کرے ،راجا اظہر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجا اظہر نے شہر میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیشگوئی پر سندھ حکومت سے فوری ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں ہونے والی بارشوں کے دوران شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا، سڑکیں دریا کا منظر پیش کرتی رہیں جبکہ شہر کا سیوریج نظام مکمل طور پر ناکام ہوگیا۔ راجا اظہر نے کہا کہ سندھ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار ہوئے اور صورتحال اس حد تک خراب رہی کہ شرم بھی شرمسار ہوگئی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ بارشوں میں شہر کے عوام کو مزید سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اور انہیں مسائل کے سمندر میں دھکیل دیا جائے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نالوں کی فوری صفائی کی جائے اور نکاسی آب کے نظام کو فعال بنایا جائے ۔ راجا اظہر نے کہا کہ رین ایمرجنسی نافذ کر کے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے اور اہم شاہراہوں کی مرمت کے ساتھ پانی کے نکاس کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بجلی کے نظام کو محفوظ بنایا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق نہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنا اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ، تاہم حکومت اپنی ذمہ داریوں میں غفلت برت رہی ہے ۔