آئی سی ایم اے نے ٹیکس آمدن بڑھانے کی تجاویز پیش کر دیں
کراچی(سٹی ڈیسک)انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے )نے وفاقی بجٹ 2026-27 کیلئے ٹیکس آمدن بڑھانے سے متعلق نئی تجاویز ٹیکس پالیسی آفس، وزارتِ خزانہ کو پیش کر دی ہیں۔
ادارے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق یہ تجاویز آئی سی ایم اے کے ریسرچ اینڈ پبلیکیشنز ڈپارٹمنٹ نے تیار کی جو پاکستان کی معاشی ترجیحات، مختلف شعبہ جات کو درپیش چیلنجز اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کے جامع تجزیے پر مبنی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا، ابھرتے شعبوں کو دستاویزی معیشت میں لانا، شفافیت کو فروغ دینا اور منصفانہ و پائیدار ریونیو ذرائع پیدا کرنا ہے ۔آئی سی ایم اے کی جانب سے ٹی پی او کو پیش کی گئی تجاویز کو7اہم حصوں میں تقسیم کیا گیاجن میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے نئے ریونیو اقدامات، ماحولیاتی اور گرین ٹیکسیشن، شہری و ٹرانسپورٹ ریونیو اقدامات، کارپوریٹ و مالیاتی خدمات سے متعلق آمدن، ڈیجیٹل اور غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نظام میں شامل کرنا، زرعی و دیہی آمدن، اور دولت و لگژری ٹیکس سے متعلق تجاویز شامل ہیں۔