فلسطین فاؤنڈیشن کی اپیل پر یوم ارض منایا گیا،سائیکل ریلی کا انعقاد

 فلسطین فاؤنڈیشن کی اپیل پر یوم ارض منایا گیا،سائیکل ریلی کا انعقاد

کراچی (این این آئی)عالمی یومِ ارض کے موقع پر فلسطین فاونڈیشن کے زیرِ اہتمام کلفٹن کے علاقے تین تلوار سے سائیکل ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

 جہاں احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ منعقد کیا گیا۔یکجہتی فلسطین ،لبنان وایران سائیکل ریلی میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، سماجی رہنما اور سول سوسائٹی سمیت اقلیتی برادری کے رہنماؤں بشمول ڈاکٹر صابر ابو مریم، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، علامہ حیات نجفی، صاحبزادہ ثاقب نوشاہی، اسرار عباسی، عرم بٹ، علامہ مرزا طاہر، بشیر سدوزئی، جمشید حسین، پیر معاذ نظامی سمیت افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان اور فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے جبکہ ان کے ہاتھوں میں ایران، لبنان اور فلسطین کے شہدا اور رہنماوں کی تصاویر پر مشتمل پلے کارڈز بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی اجتماع سے مختلف رہنماوں نے خطاب میں کہا کہ پاکستانی عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور بیت المقدس کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں