ہیلتھ کمیشن نے خیرپور میں متعدد غیر رجسٹرڈ لیبارٹریز سیل کردیں
میڈیکل سینٹرز کے دورے ، سہولیات، آلات اور علاج کے طریقوں کامعائنہ کیا کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، ڈائریکٹر زبیر سومرو
سکھر (بیورو رپورٹ) خیرپور میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے غیر قانونی لیبارٹریوں اور کلینکس کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں ۔ ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کارروائیوں میں متعدد غیر رجسٹرڈ لیبارٹریز سیل، کئی میڈیکل سینٹرز کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے ۔ ہیلتھ کیئر کمیشن حکام نے کہا کہ کسی کو عوام کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سکھر اور خیرپور کی ٹیم نے ڈائریکٹر زبیر احمد سومرو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کاشف احمد سومرو کی قیادت میں اسسٹنٹ کمشنر خیرپور عمامہ سولنگی کے ہمراہ خیرپور میں غیر قانونی لیبارٹریوں اور کلینکس کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں ۔ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران متعدد غیر رجسٹرڈ لیبارٹریز سیل کردی گئیں، جبکہ مختلف میڈیکل سینٹرز کے دورے کرکے وہاں پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے قانون کے مطابق سہولیات، آلات اور علاج کے طریقوں کامعائنہ کیا گیا اور اسپتالوں کو مزید بہتری کے لیے نوٹسز جاری کئے گئے ۔ اس موقع پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹر زبیر سومرو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کاشف سومرو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔