شہری جان ومال کے تحفظ سے محروم ہوچکے ،منعم ظفر
کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز پر حکومتی سرپرستی میں لینڈ مافیا کے قبضے جا ری ہیں متاثرہ شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی میں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز پر حکومتی سرپرستی میں لینڈ مافیا کے قبضے جا ری ہیں۔ سوسائٹیز پر قبضے سرکاری اداروں کی ملی بھگت سے کیے جا رہے ہیں، جعلی فائلیں اور فرضی لسٹیں بنا کر اصل مالکان کو بے دخل کر دیا گیاہے ۔کراچی کے شہری آج اپنی جان و مال اور جائیداد کے تحفظ سے محروم ہو چکے ہیں۔ ایک عام آدمی اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے پلاٹ خریدتا ہے تاکہ اپنے خاندان کے لیے ایک چھت فراہم کر سکے ، مگر قبضہ مافیا اسے بھی چھین لیتی ہے ۔جماعت اسلامی سوسائٹیز پر قبضوں اور عوام کو ان کے حق سے محروم کرنے کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی اور متاثرہ شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ہماری قیادت اور کارکنان ہر محاذ پر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، کراچی کے عوام اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ اجتماعی طاقت سے اس کا حل ممکن بنایا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت دفتر ضلع میں قریشی سوسائٹی متاثرین کے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے امیر ضلع نعیم اختر، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے سکریٹری نجیب ایوبی اورصدر پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی سید قطب احمد نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر متاثرین نے منعم ظفر خان کو سوسائٹی پر قبضے کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی شہریوں کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔