پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ناکافی ،راجا اظہر
عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود عوام کو حقیقی ریلیف نہ دینا افسوسناک بھاری ٹیکسز اور لیوی کے باعث معمولی کمی کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجا اظہر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچائے جائیں۔ راجا اظہر نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے باوجود عوام کو حقیقی ریلیف نہ دینا افسوسناک ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسز اور لیوی عائد کر رکھی ہے ، جس کے باعث قیمتوں میں معمولی کمی کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی بوجھ بن چکی ہے اور پاکستان تحریک انصاف اس ظالمانہ ٹیکس کے خاتمے تک اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
ان کے مطابق حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کرے ، تاہم موجودہ حکمران عوامی مسائل سے لاتعلق دکھائی دیتے ہیں۔ راجا اظہر نے کہا کہ مہنگائی، بجلی اور پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور عوام مزید معاشی دباؤ برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسوں اور لیوی کے ذریعے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف اشرافیہ کی مراعات اور سہولتیں برقرار ہیں جبکہ دوسری جانب عام شہری مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی میں کمی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے ۔