لاکھوں لٹر ذخیرہ کیا گیا پٹرول اور ڈیزل برآمد
حب میں اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیم کانجی آئل کمپنی کے ڈپو پرچھاپہڈپو کے پاس اوگرا کا لائسنس اور وزارتِ دفاع کا این او سی نہیں تھا
کراچی (آئی این پی) اوگرا نے حب کے مقام پر لاکھوں لیٹرذخیرہ کیا گیا پٹرول اور ڈیزل برآمد کرلیا اور ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردیا۔ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کے غیر قانونی اسٹوریج کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت حب میں ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کی۔اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ حب کے مقام پر چھاپہ مار کر لاکھوں لیٹر ذخیرہ کیا گیا غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل برآمد کر لیا۔ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی ایک نجی آئل کمپنی \"میکس-94 کے ڈپو پر کی گئی جو طویل عرصے سے غیر قانونی طور پر کام کر رہا تھا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ آئل ڈپو کے پاس نہ تو اوگرا کا قانونی لائسنس موجود تھا اور نہ ہی اس حساس سرحدی علاقے میں کام کرنے کے لیے وزارتِ دفاع کا این او سی حاصل کیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس آئل ڈپو میں لاکھوں لیٹر پٹرول اور ڈیزل غیر قانونی طور پر اسمگل یا اسٹور کیا گیا تھا تاکہ اسے مہنگے داموں مارکیٹ میں سپلائی کیا جا سکے ۔اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیم نے موقع پر ہی کارروائی کرتے ہوئے نجی کمپنی کے اس آئل ڈپو کو سیل کر دیا ہے ، جبکہ برآمد ہونے والا لاکھوں لیٹر پٹرول اور ڈیزل فوری طور پر قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔