حیدر آباد:مہران ورکرز کا فراہمی ونکاسی آب نظام جام کرنیکا انتباہ

حیدر آباد:مہران ورکرز کا فراہمی ونکاسی آب نظام جام کرنیکا انتباہ

17ماہ کی تنخواہیں اور پنشنز نہ ملنے ، انتظامیہ کی بے حسی کیخلاف شدید احتجاج،محرم الحرام میں ہڑتال کاپروگرام عہدیداروں نے رکوا دیا تھا، یونین رہنما

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)مہران ورکرز یونین (واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن)کے جنرل سیکریٹری محمد اسلم عباسی اور دیگر عہدیداران نے بیان میں کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ 17ماہ کی تنخواہ اور پنشنز سے محروم محنت کش ادارے کی انتظامیہ کی مسلسل بے حسی کیخلاف فراہمی و نکاسی کا نظام جام بند کردیں، ماہ محرم کے ایام میں ادارے کے محنت کش مختلف پمپنگ اسٹیشنوں پر انفرادی طور پر کام چھوڑ ہڑتال کا پروگرام بنا چکے تھے ، لیکن یونین کے عہدیداران نے محرم کے احترام میں محنت کشوں کو اس انتہائی احتجاجی اقدام سے باز رکھا، لیکن ادارے کی انتظامیہ ابھی تک اپنی بے حسی پر قائم ہے حالانکہ جاری ماہ جون (مالی سال 26-2025کے آخری ماہ) ادارے کو زائد ماہانہ ریکوری کے علاوہ بڑے بڑے اداروں سے کروڑوں کی رقم ملی ہے ، مگر ادارے کی نااہل انتظامیہ کو اپنے شاہانہ اخراجات اور کمیشن کے حصول کے چکروں میں ناجائز ادائیگیوں سے فرصت نہیں، صرف پچھلے چار ماہ کے دوران ادارے کے پنشنرز سمیت 7 ملازمین کسمپرسی کی حالت میں موت کو گلے لگا چکے ، ایک درجن سے زائد موذی امراض میں مبتلا ملازمین، پنشنرز اور انکے اہلخانہ مالی پریشانیوں سے سرکاری ہسپتالوں میں ٹھوکریں کھا رہے ہیں، ہمارا انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ فوری ادارے کے محنت کشوں اور پنشنرز کو ادائیگیاں شروع کی جائیں، بصورت دیگر ہم بہت جلد انتہائی احتجاجی اقدام پر مجبور ہونگے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں