اسٹیل مل سے کروڑوں کی چوری کرنے والا گروہ بے نقاب
گرفتار چار ملزمان کے قبضے سے 9کلو چاندی اور 5کلو تانبا برآمد کرلیا ملزمان انتہائی عادی جرائم پیشہ اور متعدد سنگین وارداتوں میں جیل جا چکے ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسٹیل ملز سے کروڑوں کی چاندی اور تانبا چوری کرنے والا گروہ بے نقاب، 4 ملزمان گرفتار، 9 کلو چاندی اور 5 کلو تانبا برآمد، تفصیلات کے مطابق بن قاسم پولیس نے پاکستان اسٹیل ملز سے انتہائی قیمتی دھاتیں چوری کرنے والے بین الاضلاعی گروہ کے 4 سرگرم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی 9 کلو چاندی (بشمول چاندی کے سکے ) اور 5 کلو تانبا برآمد کر لیا ہے ۔ایس ایس پی ضلع ملیر ڈاکٹر عبد الخالق شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زرولی ولد نادر خان، اصغر ولد اکبر خان، پرویز علی ولد خان محمد اور جاوید ولد اللہ بخش کے نام سے ہوئی ہے ۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اسٹیل ملز کے مختلف ڈپارٹمنٹس میں غیر قانونی طور پر داخل ہو کر وہاں سے انتہائی قیمتی چاندی کے سکے اور دیگر قیمتی سامان چوری کرتے اور بعد ازاں اسے مارکیٹ میں فروخت کر دیتے تھے ۔پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزمان انتہائی عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی اسٹیل ملز میں چوری کی متعدد سنگین وارداتوں میں جیل جا چکے ہیں۔ ملزم جاوید علی کے خلاف چوری اور نقب زنی کے 4 مقدمات، ملزم زرولی کے خلاف ایک مقدمہ اور ملزم اصغر کے خلاف سال 2025 کا مقدمہ درج ہے ۔ بن قاسم پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف تازہ ترین واردات کا نیا مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔