ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کیلئے ہیلتھ کیئر کمیشن کا ریگولر لائسنس
ریگولر لائسنس حاصل کرنے والا سرکاری شعبے میں سندھ کا پہلا اسپتال بن گیاہیلتھ کیئر لائسنس حاصل کرنا ایک نئی ذمہ داری کا آغاز ہے ،ڈاکٹر احسن قوی
کراچی (سٹی ڈیسک )ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے ریگولر لائسنس حاصل کرکے صوبہ سندھ کے سرکا ری شعبے کاپہلا جنرل اسپتال ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے جس نے معیار، حفاظت اور ریگولیٹری تقاضوں پر پورا اترتے ہوئے یہ ریگولر لائسنس حاصل کیا لائسنس دینے کی باقاعدہ رسمی تقریب ڈاؤ انٹر نیشنل میڈیکل کالج اوجھا کیمپس کے عبدالقدیر خان آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی اس موقع پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر احسن قوی ،وائس چانسلر ڈا ؤ یونیورسٹی پروفیسر نازلی حسین پرووائس چانسلر ز پروفیسر جہاں آرا حسن،پروفیسر ساجدہ قریشی ،پروفیسر زاہد اعظم ،ڈاؤ یونیورسٹی کی فیکلٹی ،اسٹاف اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے افسران بھی موجودتھے ڈاکٹر احسن قوی نے ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کا ریگولرلائسنس پروفیسر جہاں آرا حسن کے حوالے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احسن قوی نے کہا کہ ہیلتھ کیئر لائسنس حاصل کرنا منزل نہیں بلکہ ایک نئی ذمہ داری کا آغاز ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سائٹ کے علاقے کے ایک اسپتال سے سرنج کے دوبارہ استعمال سے ایچ آئی وی پھیلنے کی خبریں تواتر سے منظر عام پر آرہی ہیں لیکن یہ بات ناقابل فہم ہے کہ بچوں کو کون استعمال شدہ سرنج لگا رہا ہے ؟ ۔ پروفیسر جہاں آرا حسن نے کہاکہ پروویژنل لائسنس سے ریگولر لائسنس تک کا سفر مسلسل محنت، خامیوں کی اصلاح، ٹیم ورک اور بہتری کے عزم کا نتیجہ ہے ۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر احسن قوی ، پروفیسر نازلی حسین ، پروفیسر جہاں آرا، پروفیسر ساجدہ قریشی نے حسن کارکردگی کی شیلڈز تقسیم کیں ۔