جوڑیا بازار سمیت متعدد اجناس مارکیٹوں کاآج ہڑتال کا اعلان
آٹے کی قیمتوں کو جواز بنا کر تاجروں کو ہراساں کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ڈیڑھ لاکھ تک کے جرمانے عائد،رسید یا چالان فراہم نہیں کیا جارہا،رؤف ابراہیم
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)جوڑیا بازار سمیت شہر کی متعدد بڑی اجناس مارکیٹوں نے دکانداروں کے خلاف انتظامی کارروائیوں کے خلاف آج (بدھ) مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں اشیائے خور و نوش کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے صدر رؤف ابراہیم نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جوڑیا بازار، لی مارکیٹ، ڈانڈیا بازار، نانک واڑہ، لانڈھی، ملیر، کورنگی اور لیاقت آباد کی ہول سیل اجناس مارکیٹوں کی تمام دکانیں بند رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مارکیٹوں سے ملک کے مختلف شہروں کو بڑی مقدار میں اجناس کی ترسیل کی جاتی ہے لہٰذا ہڑتال کے باعث سپلائی چین بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
رؤف ابراہیم نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں کو جواز بنا کر ہول سیل تاجروں کو گرفتار کرنا، بھاری جرمانے عائد کرنا، دکانیں سیل کرنا اور انہیں ہراساں کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تاجروں کو 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک کے جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں، تاہم انہیں جرمانے کی کوئی باقاعدہ رسید یا چالان فراہم نہیں کیا جا رہا بلکہ صرف ادائیگی کے لیے ایزی پیسہ نمبر دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر آٹے کی قیمتوں میں اضافہ فلور ملز کی جانب سے کیا جا رہا ہے تو کارروائیاں صرف ہول سیل تاجروں کے خلاف کیوں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگا آٹا فراہم کرنے والی فلور ملز کے خلاف کارروائی کرے۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے خلاف مبینہ غیر قانونی کارروائیاں بند کی جائیں، سیل کی گئی دکانیں کھولی جائیں اور جرمانوں کے طریقہ کار کو قانون کے مطابق شفاف بنایا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments