تھر کوئلے سے معاشی ترقی،برآمدات میں اضافہ ممکن، قیصر شیخ
توانائی کے مقامی وسائل کے استعمال سے صنعتی سرگرمیاں بڑھائی جا سکتی ہیں اسپیشل زونز میں بلا تعطل توانائی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ناگزیر،وفاقی وزیر
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے توانائی شعبے پر خصوصی توجہ دینا ناگزیر ہے ۔ دنیا بھر میں توانائی کے متبادل اور سستے ذرائع کی جانب تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے جبکہ پاکستان کیلئے تھر کا کوئلہ اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جس سے بھرپور استفادہ کرکے ملکی معیشت اور جی ڈی پی کی شرح نمو کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
سندھ انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدات تقریباً30 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 70 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں جسکے باعث تجارتی خسارہ معیشت پر دباؤ ڈال رہا ہے ،اگر توانائی کے مقامی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے تو صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور برآمدات میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مجموعی طور پر 44 اسپیشل اکنامک زونز موجود ہیں جن کا مقصد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے ،ان زونز میں توانائی کی بلا تعطل فراہمی اور جدید انفرااسٹرکچر کی دستیابی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کے 6 ہزار ایکڑ رقبے کو وفاق کیلئے مختص کیاجس سے مستقبل میں صنعتی اور سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں کیلئے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments