گلشن حدید میں ڈاکو راج،مکینوں کااحتجاج کافیصلہ

گلشن حدید میں ڈاکو راج،مکینوں کااحتجاج کافیصلہ

آج احتجاجی ریلی ، ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن کو چوڑیاں پیش کی جائیں گی شکایات کے باوجود مجرموں کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی،اہل علاقہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گلشن حدید میں بڑھتے جرائم اور امن و امان کے قیام میں پولیس کی ناکامی کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کر لیا۔سوشل میڈیا پر جاری عوامی مہم کے مطابق شہری آج (ہفتہ )شام 5 بجے مین کمرشل مارکیٹ، فیز ون سے اسٹیل ٹاؤن پولیس اسٹیشن تک احتجاجی ریلی نکالیں گے جہاں علامتی طور پر تھانہ اسٹیل ٹاؤن کے ایس ایچ او کو چوڑیاں بھی پیش کی جائیں گی تاکہ علاقے میں جرائم کی روک تھام میں پولیس کی کارکردگی پر اپنے شدید تحفظات اور احتجاج کا اظہار کیا جا سکے ۔احتجاجی ریلی میں متاثرہ دکاندار، ملازمت پیشہ افراد، نوجوان، بھی شرکت کریں گے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ آئے روز کی ڈکیتیوں، اسلحے کے زور پر لوٹ مار اور شہریوں سے قیمتی سامان چھیننے کے واقعات نے مکینوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، جبکہ متعدد شکایات کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔شہریوں نے مطالبہ کیاکہ گلشن حدید میں پولیس گشت میں فوری اضافہ کیا جائے ، ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، تمام داخلی مقامات پر مستقل پولیس چوکیاں قائم، رات کے اوقات میں خصوصاً موبائل پٹرولنگ کا مؤثر نظام اور سیف سٹی طرز کے نگرانی کیمروں کے ذریعے سکیورٹی کو بہتر بنایا جائے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جرائم کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو متعلقہ اعلیٰ حکام کے دفاتر کے سامنے بھی احتجاج ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...