حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ،منعم ظفر
پیپلز پارٹی کے 18سال بدترین،شہر پانی، صفائی ودیگر بحران میں مبتلا اپنے حق کیلئے کھڑے ہونے والوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹنا ظلم ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام پینے کے پانی ، صفائی ستھرائی ، ٹرانسپورٹ نہ ہونے اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت بے شمار مسائل کا شکار اور اذیت سے دوچار ہیں ، وسائل اور اختیارات پر قابض حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کا 18سالہ دور بدترین حکمرانی کا دور ثابت ہوا ہے ، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،کراچی کی تعمیر و ترقی ،عوامی خدمت و جدو جہد ، ہمارا عزم ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی قیوم آباد کے تحت حجاج کرام ، مہم چرم و اجتماعی قربانی میں حصہ لینے والے کارکنوں و ذمہ داران اور میٹرک میں اے ون گریڈ حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیے سے بحیثیت مہمان ِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ قیوم آباد بھی پانی کے بحران سے دوچار ہے ، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ذمہ داری ہے کہ بوسیدہ لائنوں کو تبدیل کرے اور مکینوں کو پانی مہیا کرے ، اربوں روپے کے عوض ٹینکروں کے ذریعے پانی مہیا کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے ، اپنے حق کیلئے کھڑے ہونے اور آواز بلند کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹنا ظلم ہے ، جماعت اسلامی عوام کو بیدار کرنے کا فریضہ انجام دیتی رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments