میرپور خاص:چکی یونین کاپیر سے غیر معینہ ہڑتال کااعلان

میرپور خاص:چکی یونین کاپیر سے غیر معینہ ہڑتال کااعلان

محکمہ خوراک کے چھاپوں، گندم ضبط کرنے کیخلاف رہنماؤں کا شدید احتجاجقانونی طور پر خریدی ہزاروں گندم کی بوریاں قبضے میں لی جارہی ہیں، محمد رفیق

میرپور خاص (بیورو رپورٹ )آٹا چکی ایسوسی ایشن نے محکمہ فوڈ ڈپارٹمنٹ و دیگر کی جانب سے مبینہ بلاجواز چھاپوں اور گندم ضبط کرنے کی کارروائیوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے پیر سے شہر بھر میں غیر معینہ مدت کیلئے شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے رہنماؤں جنرل سیکرٹری محمد رفیق، سینٹر نائب صدر گل محمد پنہور، صدر حاجی ندیم سہروردی، فیضان ملک، خازن آصف ملک اور دیگر نے الزام عائد کیا کہ فوڈ ڈپارٹمنٹ مسلسل ان کے گوداموں پر چھاپے مار کر قانونی طور پر خریدی گئی ہزاروں گندم کی بوریاں قبضے میں لے رہا ہے جس کے باعث آٹا چکی مالکان شدید مالی نقصان کا شکار ہیں اور کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے آٹے کی ہول سیل قیمت 125 روپے اور ریٹیل قیمت 128 روپے فی کلو مقرر کی ہے جو موجودہ گندم کی قیمتوں کے تناظر میں ناقابل عمل ہے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مارکیٹ میں گندم کی فی بوری قیمت تقریباً 12 ہزار سے 12 ہزار 200 روپے ہے اس لیے موجودہ سرکاری نرخوں پر آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار نرخوں پر نظرثانی اور بلاجواز کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کر چکے ، تاہم انکی شکایات کا ازالہ نہیں کیا گیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ محکمہ فوڈ مقررہ ہدف کے مطابق گندم ذخیرہ کرنے میں ناکام رہا، جبکہ آٹا چکی مالکان لاڑکانہ، سانگھڑ، مورو اور دیگر اضلاع سے گندم خرید کر چکیاں چلا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...