صفائی و سیوریج نظام صحت کیلئے سنگین خطرہ بن گیا، الطاف شکور
صفائی عیاشی نہیں بنیادی حق ہے ، فوری اور جامع بلدیاتی اقدامات کیے جائیںیونین کونسل کی سطح پر گھر گھر کچرا اٹھانے کا نظام بنایا جائے ، چیئرمین پاسبان
کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کراچی میں بڑھتے ہوئے کچرے اور سیوریج کے بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کا بگڑتا ہوا صفائی اور نکاسی آب کا نظام شہریوں کی صحت اور زندگی کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے ، صفائی عیاشی نہیں بلکہ بنیادی انسانی حق اور شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے ، کراچی میں فوری اور جامع بلدیاتی اقدامات کیے جائیں،یونین کونسل کی سطح پر گھر گھر کچرا اٹھانے کا نظام بنایا جائے ۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری بیان میں چیئرمین الطاف شکور نے کہا کہ پاکستان کا معاشی دارالحکومت اور دو کروڑ سے زائد آبادی کا شہر کراچی اس وقت ماحولیاتی اور صحت کے متعدد مسائل کا سامنا کر رہا ہے ،شہر کا بگڑتا ہوا صفائی اور نکاسی آب کا نظام شہریوں کی صحت اور زندگی کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے، کچرے کی ناقص صفائی، بوسیدہ سیوریج لائنیں، گلیوں اور سڑکوں پر کھڑا گندا پانی اور پینے کے پانی میں آلودگی شہریوں کے لیے ناقابل برداشت صورتحال پیدا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کئی دہائیوں سے جاری بے ہنگم آبادی میں اضافہ، ناقص شہری منصوبہ بندی، بلدیاتی اداروں کی کمزور کارکردگی اور انتظامی اختیارات کی تقسیم نے صفائی کے بحران کو مزید سنگین کردیا ہے ۔ شہر کے تجارتی مراکز اور رہائشی علاقوں میں کچرے کے ڈھیر نہ صرف شہریوں کے لیے اذیت کا باعث بن رہے ہیں بلکہ سڑکوں، برساتی نالوں اور گزرگاہوں کو بھی متاثر کررہے ہیں۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ بارش کے دوران کچرے سے بند نالے اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات شہری سیلاب کی صورتحال کو مزید خراب کردیتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments