یوم دفاع قومی اتحادکے عزم کی تجدید کا دن ، شاداب رضا
پاکستانی قوم اپنی آزادی، خودمختاری کے لیے متحد ہوکر ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتی ہےملک کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، سربراہ سنی تحریک
کراچی(این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن اور اتحاد، شجاعت، قربانی اور جذبہ حب الوطنی کی روشن علامت ہے ۔ اس دن پاکستان کی بہادر افواج اور غیور عوام نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ثابت کیا کہ پاکستانی قوم اپنی آزادی، خودمختاری اور وطن کے دفاع کے لیے متحد ہوکر ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ہمیشہ کی طرح قومی اتحاد و یکجہتی کی طاقت سے ناکام بنائیں گے ۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو پوری قوم اور ہماری بہادر افواج کے عزم و حوصلے کا سامنا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کے امن کو تباہ کرنے کے لیے دہشت گردی، انتہاپسندی اور سازشوں کا سہارا لے رہا ہے ، مگر پاکستان کے خلاف اس کی ہر ناپاک سازش کو ان شاء اللہ ناکام بنایا جائے گا۔ بھارت کا انتہا پسندانہ اور دہشت گردانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور علاقے کی آبادی و شناخت تبدیل کرنے کے لیے کیے جانے والے غیر قانونی اقدامات قابلِ مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حقِ آزادی دیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments