میئر نے گزری میں کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کردیا
شہریوں کو تقریبات کے لیے سہولت فراہم کرنا ذمہ داری ہے ، مرتضیٰ وہابمختلف علاقوں میں مزید کمیونٹی سینٹرز قائم کیے جائیں گے ،تقریب سے خطاب
کراچی(این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کمیونٹی سینٹرز بھی شہریوں کے لیے بنیادی سہولتوں میں شامل ہیں، عام شہریوں کو شادی بیاہ، سماجی اور دیگر تقریبات کے لیے مناسب اور باعزت جگہ کی فراہمی ضروری ہے ، کراچی کے مختلف علاقوں میں مزید کمیونٹی سینٹرز قائم کیے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزری میں فواز وقاصی کمیونٹی سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر سید نجمی عالم، ٹاؤن چیئرمین لیاری خلیل ہوت، کرم اﷲ وقاصی، عمران بروہی اور دیگر پارٹی رہنما و کارکنان بھی موجود تھے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں شہریوں کی جانب سے یہ شکایات اور مطالبات سامنے آتے رہے ہیں کہ جن علاقوں میں کمیونٹی سینٹرز کی ضرورت ہے وہاں اجتماعی سرگرمیوں کے لیے مناسب جگہ فراہم کی جائے ۔ آج بلدیہ عظمیٰ کراچی اور منتخب بلدیاتی نمائندے شہریوں کی ان ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بااثر افراد اپنے پروگرام بڑے لانز اور بینکوئیٹ ہالز میں منعقد کرلیتے ہیں، تاہم عام شہریوں کے پاس شادی بیاہ اور دیگر سماجی تقریبات کے لیے مناسب جگہ دستیاب نہیں ہوتی۔میئر کراچی نے کہا کہ یہ خالصتاً عوامی اور بلدیاتی وسائل ہیں اور کے ایم سی کے وسائل شہر کی بہتری اور شہریوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments