بھتہ خوری کا نظام چل رہا ،ایڈیشنل آئی جی کا اعتراف

بھتہ خوری کا نظام چل رہا ،ایڈیشنل آئی جی کا اعتراف

نیٹ ورک بیرون ملک سے بھی آپریٹ کیا جا رہا ،تاحال رسائی نہیں، آزاد خان نئے ماسٹرپلان پر کام جاری،کمشنر،موجودہ نظام چیلنج بن چکا ہے ،چیئرمین آباد

 کراچی(بزنس رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی سندھ آزاد خان نے کہا کہ سندھ پولیس مربوط میکنزم کے تحت کام کر رہی ہے ، انتظامیہ اور پولیس کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ شہریوں اور کاروباری برادری کے مسائل کا مؤثر مداوا ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبادکے دفتر میں منعقدہ تقریب میں کیا۔اس دوران زمینوں، غیر قانونی تعمیرات، قبضہ مافیا، امن و امان اور ریونیو نظام سے متعلق اہم مسائل زیر بحث آئے ۔ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 85 فیصد جبکہ ڈکیتیوں کی وارداتوں میں 80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم ستمبر کے دوران جرائم کی شرح میں اضافہ بھی سامنے آیا۔

آزاد خان نے اعتراف کیا کہ شہر میں بھتہ خوری کا نظام چل رہا ہے اور اس کا نیٹ ورک بیرون ملک سے بھی آپریٹ کیا جا رہا ہے ،تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے تاحال بیرون ملک موجود عناصر تک رسائی حاصل نہیں کرسکے ۔ میر رضا کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کیس درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ، جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔کمشنر حسن نقوی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کراچی کا نیا ماسٹر پلان بنانے کا بیڑہ اٹھایا ہے اور متعلقہ ادارے اس پر کام کر رہے ہیں۔ چیئرمین آباد حسن بخشی نے کہا کہ سندھ پولیس کا موجودہ نظام بزنس کمیونٹی کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے ، جبکہ کراچی میں قبضہ مافیا کا نیٹ ورک مزید منظم ہوتا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...