سٹی کونسل کا اجلاس: نئے انتظامی یونٹس اور صوبے کی مخالفت کی قرارداد منظور
بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد منظور ،3قراردادیں جائزہ کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ میئر کی زیر صدارت اجلاس میں مجموعی طور پر 24 قراردادیں پیش کی گئیں ،ایک قرارداد اتفاق رائے سے مسترد
کراچی (این این آئی) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس جمعہ کوکونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداﷲ مراد اور میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اجلاس کے آغاز پر قائد اعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی کی مناسبت سے بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اتفاق رائے سے قرارداد منظور کی گئی جبکہ سٹی کونسل نے اپنی کارروائی کے دوران سندھ میں نئے انتظامی یونٹس اور صوبے بنانے کی مخالفت پر مبنی قرارداد کی منظوری بھی دی۔ اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 24 قراردادیں پیش کی گئیں جن میں سے 10 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور اور 10 قراردادیں کثرت رائے سے منظور کی گئیں جبکہ 3 قراردادیں مزید جائزے کے لئے کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ ہوا اور ایک قرارداد اتفاق رائے سے مسترد کردی گئی، اتفاق رائے سے منظور کی گئی قراردادوں میں بجٹ سیکشن، فنانس اینڈ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے روزمرہ اخراجات کے لئے مبلغ 10,000روپے مہینہ میں دو دفعہ ایمپریسٹ اکاؤنٹ مختص کرنے کی منظوری،UC-1 چوکھنڈی ابراہیم حیدری ملیر میں واقع ہندو برادری کے 100 مکانوں کی ترقی مرمت و دیکھ بھال کے لئے 40.50 ملین روپے کی Post-facto منظوری، گارڈن انٹر سیکشن نشتر روڈ پر فلائی اوور کی تعمیر کے لئے مبلغ 94,81,57,999/- کی PC-1 کے تحت منظوری، اورنگی ٹاؤن شپ کے منظور کردہ لے آؤٹ پلان کے مطابق پلاٹ نمبر ST-1 سیکٹر 5 رقبہ 86 ایکڑ (10,400)مربع گز کی بازیابی،محکمہ فائر بریگیڈ ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لئے معیاری عملی طریقہ کار کے اجراء کی منظوری ،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام اسپتالوں میں زیر تربیت ڈاکٹرز کے وظیفے میں اضافہ اور ایئر پورٹ سیکورٹی فورسز انڈور اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق منظوری شامل تھی جبکہ کثرت رائے سے منظور کردہ قراردادوں میں نرسنگ کالج، عباسی شہید اسپتال ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی بحالی کے لئے وژن کالج آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنس کے ساتھ مفاہمت پر عملدرآمد کی منظوری،اسپنسر آئی اسپتال میں فیز 1 کی تکمیل کے لئے 36 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کی MoU کے تحت فلاحی ٹرسٹ کے حق میں دینے کی منظوری شامل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments